khadim husian rizvi 21

آرمی چیف کا علامہ خادم حسین رضوی کے انتقال پر اظہار تعزیت

راولپنڈی : آرمی چیف کا علامہ خادم حسین رضوی کے انتقال پر اظہار تعزیت۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی کے انتقال پر تعزیتی پیغام جاری کیا گیا ہے۔

اپنے پیغام میں آرمی چیف نے علامہ خادم رضوی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے۔ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بھی ٹوئٹر پر جاری پیغام میں علامہ صاحب کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا گیا کہ مولانا خادم حسین رضوی کی رحلت پر میں انکے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔
اناللہ وانا الیہ راجعون

دوسری جانب تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ کے انتقال کی تصدیق ہو جانے کے بعد ان کی نماز جنازہ ادائیگی کے حوالے سے تفصیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔ تحریک لبیک حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ علامہ خادم حسین رضوی کی نماز جنازہ کل بروز جمعہ ادا کی جائے گی۔ مرحوم کی نماز جنازہ ادائیگی کیلئے بادشاہی مسجد کیساتھ مینار پاکستان گراونڈ اور بعد نماز جمعہ 3 بجے کے وقت کا انتخاب کیا گیا ہے۔

نماز جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت کا امکان ہے، اسی باعث مینار پاکستان کے وسیع گراونڈ کا انتخاب کیا گیا۔ مرحوم کے اہل خانہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ وہ گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے۔ جمعرات کے روز ان کی طبیعت مزید بگڑ گئی، جس کے بعد ان کا انتقال ہوگیا۔ علامہ خادم حسین رضوی کے انتقال کے حوالے سے شیخ زید ہسپتال لاہور کے حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ علامہ کو جمعرات کی شب پونے 9 بجے ہسپتال لایا گیا، تاہم وہ پہلے ہی انتقال کر چکے تھے۔ مرحوم گزشتہ کئی روز سے بخار میں مبتلا تھے۔ جبکہ اہل خانہ نے علامہ خادم رضوی کی بیماریوں کی ہسٹری کے حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں