32

العزیزیہ ریفرنس سزا کیخلاف اپیل؛ نواز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست

سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں العزیزیہ ریفرنس میں عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل کی سماعت پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کرادی ہے۔

نواز شریف کے وکیل غلام سبحانی ایڈوکیٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نواز شریف لاہور ہائی کورٹ کی اجازت سے علاج کی غرض سے بیرون ملک گئے ہیں اس لئے وہ 25 نومبر کی سماعت پر العزیزیہ ریفرنس پر عدالتی فیصلے سے متعلق دائر نظر ثانی درخواستوں کی سماعت کے دوران پیش نہیں ہوسکتے۔

درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ 25 نومبر کی سماعت پر نواز شریف کو حاضری سے استثنی دیا جائے، نواز شریف کی جگہ ان کے نمائندے ابراہیم ہارون ایڈوکیٹ پیش ہوں گے۔

احتساب عدالت نے 24 دسمبر 2018 کو سابق وزیراعظم نوازشریف کو العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید بامشقت اور جرمانے کی سزا سنائی تھی ، نواز شریف نے سزا کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل کررکھی ہے جب کہ نیب نے بھی سزا بڑھانے کی اپیل دائر کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں