97

اوتھل میں مسافر کوچ کو حادثہ 11افراد جانبحق اور 12زخمی ہو گئے

اوتھل میں مسافر کوچ کو حادثہ
11افراد جانبحق اور 12زخمی ہو گئے

اوتھل کے قریب حب کے مقام پر تیز رفتار کوچ الٹ گئی جس کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق 12زخمی ہو گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق مسافر کوچ پنجگور سے کراچی جا رہی تھی۔حادثے کا شکار ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔جانبحق اور زخمی ہونے والونں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق مسافر کوچ پنجگور سے کراچی جا رہی تھی اور تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی،حادثہ بہت خوفناک تھا جس کے نتیجے میں درجن بھر لوگ موت کے گھاٹ اتر گئے جبکہ اتنے ہی لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں۔
حادثے کے وقت مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کی مدد کی جبکہ بعدازاں ریسکیو کی ٹیمیں اور مقامی پولیس بھی موقعہ پر پہنچ گئی جس نے مرنے والوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔
زخمیوں میں سے بھی کئی لوگوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے جبکہ ریسکیو ذرائع نے ایک ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت صدام نامی شخص کی کی ہے۔ریسکیو ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ جاں بحق افراد میں 5خواتین2بچے جبکہ 4مرد شامل ہیں۔

کچھ عرصہ پہلے بھی حب میں پنچگور سے کراچی جانے والی ایک بس حادثے کا شکار ہوئی تھی اور اس کے نتیجے میں بھی کافی لوگ جان کی بازی ہار گئے تھے۔پولیس حکام نے کئی بار اس بات پر سختی کی ہے کہ تیز رفتاری سے حادثات واقع ہوتے ہیں اور اس حوالے سے کئی بار بھاری جرمانے بھی کیے جاتے ہیں مگر اس کے باوجود بھی ڈرائیور حضرات تیز رفتاری سے باز نہیں آتے جس کے نتیجے میں کئی انسان کی جان لینے کا سبب بن جاتے ہیں۔ریسکیو حکام نے کہا ہے کہ اس حادثہ کا شکار سبھی زخمیوں اور مرنے والوں کو کراچی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں زخمیوں کا علاج کیا جا رہا ہے اور وفات پانے والوں کی شناخت عمل میں لائی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں