15

ایران کی امریکا اور اس کے اتحادیوں کو تباہ کردینے کی دھمکی

تہران: ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ جنرل حسین سلامی نے امریکا اور اس کے اتحادیوں کو حد پار کرنے سے باز رہنے کی تنبیہ کرتے ہوئے انہیں تباہ کرنے کی دھمکی دی ہے۔

پاسداران انقلاب کے چیف جنرل حسین سلامی نے ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے تیل اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف حکومت مخالف مظاہروں میں امریکا اور اس کے اتحادی ممالک کے ملوث ہونے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران دشمن ممالک اپنی حد پار نہ کریں۔

جنرل حسین سلامی نے ایران میں پیدا ہونے والی کشیدہ صورت حال کا ذمہ دار امریکا، سعودی عرب اور اسرائیل کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ممالک ایران کے داخلی معاملات میں مداخلت کررہے ہیں اور حکومت مخالف قوتوں کی پشت پناہی کررہے ہیں، اگر اس بات کے ثبوت مل گئے تو ایران ان ممالک کیخلاف سخت ردعمل دے گا۔

قبل ازیں ايرانی نائب صدر اسحاق جہانگيری نے مزید کہا کہ اگر کسی ملک نے ايران ميں داخلی سطح پر بد امنی پھيلانے کی کوشش کی، تو اس کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔ ایران کو دوسرے ممالک کی مداخلت کے شواہد مل گئے تو ایسے ممالک کا انجام اچھا نہیں ہوگا۔

واضح رہے کہ ایران میں گیس اور تیل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کیخلاف مظاہرے پھوٹ پڑے تھے، پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں درجنوں مظاہرین ہلاک بھی ہوئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں