Price list 32

ایک درجن انڈے اور ایک کلو چکن کی قیمت برابر ہو گئی

لاہور: لاہور سمیت ملک بھر میں انڈے کی قیمت میں ہوشربا اضافہ ہوگیا ہے جس کے بعد ایک کلو چکن کی قیمت اور ایک درجن انڈوں کی قیمت برابر ہو گئی ہے۔ لاہور میں مرغی اور انڈوں کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں ایک انڈا 25 روپے کا ہو گیاہے جس کے بعد ایک درجن انڈوں کی قیمت 300 روپے ہوگئی ہے۔

اس کے علاوہ لاہور میں مرغی کا گوشت 287 روپے کلو سے 300 روپے فی کلو میں فروخت ہورہا ہے۔ کوئٹہ میں ایک درجن انڈے 240 روپے میں فروخت ہورہے ہیں جب کہ مرغی کے گوشت کی قیمت میں فی کلو 40 روپے کی کمی ہوئی ہے اور مرغی کا ایک کلو گوشت 310 سے 350 روپے کلوکا ہوگیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں انڈوں کی بڑھتی قیمتوں پر وزیراعظم نے نوٹس بھی لیا تھا۔

جبکہ ملک میں انڈوں کی بڑھتی قیمتوں پر تنقید کرتے ہوئے ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے تو انڈے اور مرغی سے معیشت ٹھیک کرنی تھی، لیکن انہوں نے تو انڈے اور مرغی ہی عوام کی پہنچ سے باہر کر دیئے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں جس قیمت میں مرغی ملتی تھی، آج انڈے مل رہے ہیں،اس سے پہلے کہ ایک انڈے کی قیمت مرغی خانے کے برابر ہو جائے آپ استعفیٰ دیں اور گھر جائیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ روٹی، آٹا، چینی، دوائی کے بعد انڈے اور مرغی بھی عوام کی پہنچ سے باہر ہوگئے ہیں ۔ آٹا، چینی ، بجلی ، گیس، دوائی اور انڈے مافیا ملک پہ مسلط ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں