SECURITY FORCES 16

حساس اداروں کی کارروائی ، سرگودھا سے 7 خطرناک دہشت گرد گرفتار

سرگودھا :صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا سے 7 خطرناک دہشت گرد گرفتار کرلیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق خفیہ اطلاع پر انسداد دہشت گردی کے ادارے سی ٹی ڈی اور حساس اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے سرگودھا سے 7 خطرناک دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا۔ بتایا گیا ہے کہ گرفتار کیے گئے دہشت گردوں کا نیٹ ورک پاکستان کے ایک ہمسایہ ملک کی خفیہ ایجنسی کے لیے کام کرتے ہوئے ملک میں دہشت گردی کی بڑین کارروائیاں کرنا چاہتا تھا جن کے تحت پاکستان میں فرقہ وارانہ دہشت گردی کروائی جانی تھی جس کے لیے دہشت گردوں نے مخالف فرقے کی اہم شخصیات کو نشانہ بنانا تھا تاہم انسداد دہشت گردی کے ادارے سی ٹی ڈی اور حساس اداروں نے صوبے میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی کو ناکام بنا دیا جس کے ساتھ ہی صوبہ پنجاب بڑی دہشت گردی سے بچ گیا۔

دوسری جانب شہر قائد میں دہشتگردی کے خدشے کے پیش نظر نیکٹا نےہائی الرٹ جاری کردیا ، تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ برائے انسداد دہشتگردی (نیکٹا) نے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے محکمہ داخلہ سندھ، آئی جی سندھ ، رینجرز اور دیگر اہم اداروں کو مراسلہ لکھ دیا ۔ نیکٹا کی جانب سے جاری مراسلے میں لکھا گیا ہے کہ غیر ملکی ایجنسیاں کراچی میں دہشتگردی کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں اور شہر کے اہم سرکاری دفتر یا عمارت کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے، دہشت گرد تنظیمیں کراچی میں دہشتگرد کارروائیوں کا منصوبہ بنا چکی ہیں، اس حوالے سے ادارے حفاظتی اقدامات کرلیں ، نیکٹا نے خطرے سے متعلق محکمہ داخلہ، آئی جی سندھ اور رینجرز حکام کو مطلع کر دیا۔

اس سے پہلے گزشتہ ماہ نیکٹا کی جانب سے لاہور میں دہشتگرد حملے کا الرٹ جاری کیا گیا تھا ، نیکٹا الرٹ میں کہا گیا تھا کہ 13 دسمبر کو کالعدم ٹی ٹی پی کے دہشتگرد پاکستان میں کارروائی کر سکتے ہیں ، تھریٹ الرٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پشاور میں ناکامی کے بعد دہشتگردوں نے اپنے منصوبے میں رد وبدل کیا ہے، نیکٹا کی جانب سے سیکیورٹی اداروں کو سیکورٹی کے سخت انتظامات اور مشکوک عناصر پر نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں