118

سعودیہ میں نلکے سے پانی بھر کر زم زم کی جعلی بوتلیں فروخت کرنے والا گروہ پکڑا گیا گرفتار افراد بوتلوں میں پانی بھر کر ان پر زمزم کے سٹیکر لگا کر سپلائی کر رہے تھے، کارروائی کی ویڈیو بھی سامنے آ گئی

سعودیہ میں نلکے سے پانی بھر کر زم زم کی جعلی بوتلیں فروخت کرنے والا گروہ پکڑا گیا
گرفتار افراد بوتلوں میں پانی بھر کر ان پر زمزم کے سٹیکر لگا کر سپلائی کر رہے تھے، کارروائی کی ویڈیو بھی سامنے آ گئی

سعودی عرب میں گزشتہ کچھ سالوں سے کئی جعلساز گروہ زائرن کے مذہبی جذبات کا فائدہ اٹھا کر انہیں جھانسہ دے رہے ہیں۔یہ لوگ عام پانی کو بوتلوں میں بھر کر انہیں زمزم قرار دے کر مختلف علاقوں میں فروخت کرتے ہیں۔ گزشتہ سال بھی کئی ایسے دھوکے باز افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔ ریاض پولیس کی جانب سے ایک تازہ ترین کارروائی میں بڑے پیمانے پر آب زم زم سے متعلق جعلسازی میں ملوث غیر ملکی گروہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ریاض میونسپلٹی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ریاض کے ایک علاقے میں واقع مکان میں غیر ملکیوں نے زمزم کی بوتلوں میں عام پانی بھرنے کے لیے گودام بنا رکھا تھا۔ مخبری کے بعد اس گروہ کے بارے میں تفتیش کی گئی اور پھر اس مکان پر چھاپہ مار کر غیر قانونی دھندے میں ملوث افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
میونسپلٹی کے مطابق یہ کارروائی پولیس اور میونسپلٹی کے اہلکاروں نے مشترکہ طور پر انجام دی۔

گودام میں چھاپے کی کارروائی کے دوران پتا چلا کہ یہ افراد مختلف سائز کی بوتلوں میں عام پانی بھر کر مارکیٹ میں سپلائی کر رہے تھے۔ خریداروں کو یقین دلانے کے لیے ان بوتلوں پر زم زم کے اسٹیکر لگائے گئے تھے۔ حالانکہ ان میں زم زم کی بجائے نلکے کا پانی بھرا جا رہا تھا۔ اس پانی کو اصل زم زم ثابت کرنے کے لیے بوتل کو باقاعدہ سیل لگائی جاتی تھی۔
پولیس نے گودام میں موجود تمام افراد کو گرفتار کر لیا ہے اور وہاں موجود بوتلیں اسٹیکرز بھی قبضے میں لے کر تلف کر دیئے ہیں۔

اس چھاپے کی ویڈیو بھی میونسپلٹی کی جانب سے ٹویٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی ہے۔ میونسپلٹی نے خبردار کیا ہے کہ سڑک کنارے کھڑے لوگوں سے آب زم زم خریدنے سے باز رہا جائے کیونکہ ان کی اکثریت آب زم زم کے نام پر عام پانی فروخت کر رہی ہے۔ سعودیہ کے تمام شہروں میں زمزم فروخت کرنے والے لائسنس شدہ ادارے موجود ہیں، کسی ضرورت کی صورت میں انہی سے زم زم خرید جائے تاکہ دھوکے بازی سے بچاؤ ہو سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں