13

عامر کی پرفارمنس اچھی نہیں تھی جس کی بنا پر ڈراپ ہوئے: بابراعظم فاسٹ بائولر پرفارم کریں تو سلیکٹرز ان سے ضرور بات کریںگے، انگوٹھے کی انجری کی وجہ سے پوری سیریز میں باہر بیٹھنا تکلیف دہ وقت تھا: کپتان قومی ٹیم

عامر کی پرفارمنس اچھی نہیں تھی جس کی بنا پر ڈراپ ہوئے: بابراعظم
فاسٹ بائولر پرفارم کریں تو سلیکٹرز ان سے ضرور بات کریںگے، انگوٹھے کی انجری کی وجہ سے پوری سیریز میں باہر بیٹھنا تکلیف دہ وقت تھا: کپتان قومی ٹیم

قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے نیوزی لینڈ میں مایوس کن پرفارمنس پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں ٹریننگ کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ انگوٹھے کی انجری کی وجہ سے پوری سیریز میں باہر بیٹھنا تکلیف دہ وقت تھا، زخم مکمل ٹھیک ہونے پر پریکٹس شروع کردی ہے اور جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز کے لیے تیار ہوں، بڑی خوشی کی بات ہے کہ 14 سال کے طویل عرصے کے بعد جنوبی افریقی ٹیم پاکستان آرہی یے، جنوبی افریقہ کا پاکستان آنا خوش آئند ہے لیکن اس ہوم سیریز میں تماشائیوں کی کمی ضرور محسوس ہوگی۔
قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ان فٹ ہونے کی وجہ سے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز نہ کھیل پانے کا افسوس ہے، ٹیم کو میری ضرورت تھی مگر میں زخمی ہونے کی وجہ سے نہیں کھیل سکا، جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز میں بہترین کارکردگی دکھانے کی پوری کوشش کریںگے۔
بابراعظم نے کہا کہ ان کی ابھی نئے چیف سلیکٹر محمد وسیم سے ملاقات نہیں ہوئی، ٹیم کی سلیکشن کے حوالے سے حالات دیکھ کر فیصلہ کریں گے۔

بابراعظم نے کہا کہ محمد حفیظ قومی ٹیم کے سینئر کھلاڑی ہیں، تمام بلے باز ان سے سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں، میری انجری کے باعث نیوزی لینڈ میں ٹیسٹ سیریز کے لیے محمد حفیظ کو روکنے کے لیے کوئی بات نہیں ہوئی تھی، بابر اعظم نے کہا کہ عبداللہ شفیق اور دیگر کھلاڑیوں میں بڑے پلیئربننے کی صلاحیت ہے۔ فاسٹ بائولر محمد عامر کی ریٹائرمنٹ کے سوال پر بابراعظم نے موقف اپنایا کہ عامر کی پرفارمنس اچھی نہیں تھی جس کی وجہ سے وہ ڈراپ ہوئے، محمد عامر پرفارم کریں تو سلیکٹرز ان سے ضرور بات کریںگے۔
نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز میں شکست کے بعد بابراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ایک سیریز کی کارکردگی کی بنیاد پر تنقید کرنا اچھی چیز نہیں ہے، کارکردگی میں بہتری کے لیے مشکل وقت میں بھی ٹیم کو سپورٹ کرنا ہوگا،بائولرز پر بھروسہ ہے کہ یہی لڑکے آئندہ سیریز میں اچھا پرفارم کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں