Lahore 84

لاہور میں صفائی ستھرائی کا نظام درہم برہم، شہر میں کوڑے کے ڈھیر لگ گئے

لاہور: محکمانہ غفلت کے باعث لاہور شہر میں جگہ جگہ کوُڑے کے ڈھیر لگ گئے ہیں۔ شہر بھر میں صفائی ستھرائی کا نظام درہم برہم ہونے سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں جبکہ مختلف علاقوں میں بارش کے پانی میں کوڑا جمع ہونے سے تعفن اٹھنے لگا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور کے علاقوں گڑھی شاہو ،دھرم پورہ، اسلام پورہ، گلبرگ، گلشن راوی اور اندرون شہر سمیت بہت سے علاقوں میں کوڑے کرکٹ کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، بدبو کے باعث مقامی رہائشیوں اور راہگیروں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

لاہور میں واسا کی جانب سے ڈرین پائپ ڈالنےکےلیے مختلف مقامات پر سڑکیں کھودنے سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔اور کھدائی کے باعث شہر میں ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہورہی ہے۔

سڑکوں کی خراب حالت کے حوالے سے واسا ترجمان کا کہنا ہے کہ ان کا کام پائپ لائن ڈالنا ہے، سڑک کی مرمت ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔ دوسری جانب لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا کہنا ہے کہ شہر میں صفائی آپریشن جاری ہے اور اب تک 24 ہزار ٹن کچرا اٹھا چکے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ترک کمپنی کے ساتھ معاہدہ ختم ہونے کے بعد لاہور شہر میں صفائی ستھرائی کا نظام انتہائی سست روی کا شکار ہو گیا تھا۔ ایل ڈبلیو ایم سی اور واسا کی جانب سے شہر میں صفائی ستھرائی کے نظام کو کنٹرول میں نہ رکھنے سے شہر میں مختلف مقامات کوڑے کا ڈھیر بن گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں