15

مالی میں شدت پسندوں کے حملے میں 24 فوجی ہلاک، 27 زخمی

افریقی ملک مالی کے مشرقی علاقے میں عسکریت پسندوں کے حملے میں 24 فوجی ہلاک اور 27 زخمی ہوگئے۔

ہمسایہ ممالک مالی اور نائیجر کی افواج سرحدی علاقے گاؤ میں عسکریت پسندوں کے خلاف مشترکہ فوجی آپریشن کررہی تھیں کہ اس دوران ان پر ایک بڑا حملہ ہوا۔ اس واقعے میں بڑے پیمانے پر مالی کی فوج کے 24 اہلکار مارے گئے اور بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا۔

کسی تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی جبکہ مالی کی حکومت نے بھی واقعے کی تفصیلات نہیں بتائیں تاہم مالی میں داعش کافی مضبوط سمجھی جاتی ہے اور واقعے میں اس کے ملوث ہونے کا خیال ظاہر کیا جارہا ہے۔

مالی کی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ اس حملے کے بعد پڑوسی ملک نائیجر کی حدود میں جوابی کارروائی کرتے ہوئے 17 مشتبہ جہادیوں کو ہلاک کردیا اور 100 سے زائد مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ ان کی 70 سے زائد موٹرسائیکلز کو بھی تباہ کردیا ہے۔

مالی میں حالیہ عرصے میں فوج پر یہ دوسرا بڑا حملہ ہے۔ رواں ماہ کی ہی دو تاریخ کو سرحدی علاقے میں فوجی اڈے پر حملے میں 53 فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔

2012 میں مالی میں القاعدہ نے وسیع وعریض علاقے پر قبضہ کرلیا تھا جس کے بعد فرانس کی فوج نے اس کے خلاف آپریشن کرکے بہت سے عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا۔

القاعدہ اور داعش کے خلاف کارروائی کے لیے مالی میں ’جی 5 ساحل فورس‘ کے نام سے 5 ممالک کی افواج تعینات ہیں۔ ان ممالک میں برکینا فاسو، چاڈ، مالی، موریطانیہ اور نائیجر شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں