MARYAM NAWAZ 162

مریم نواز کی ریلی ، اچھرہ، گوالمنڈی اور لوہاری تھانوں میں مقدمات درج

لاہور : مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی گذشتہ روز نکالی جانے والی ریلی کے خلاف لاہور کے تین مختلف تھانوں میں مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق مریم نواز کی جانب سے ریلی نکالنے جانے پر اچھرہ، گوالمنڈی اور لوہاری تھانے میں مقدمات درج کر لیے گئے۔ جس میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی، روڈ بلاک، اشتعال انگیز تقاریر کی دفعات شامل ہیں۔
ان مقدمات میں سینکڑوں لیگی کارکنوں کو نامزد کیا گیا ہے۔ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کے الزام میں مریم نواز نے جس ہوٹل میں کھانا کھایا اُس کے خلاف بھی مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز پی ڈی ایم کے 13 دسمبر کے مینار پاکستان کے جلسے میں عوام کو شرکت کی دعوت دینے کی مناسبت سے پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنما مریم نواز کی قیادت میں گجومتہ سے داتا دربار تک ریلی نکالی گئی تھی۔
گذشتہ روز لاہور میں نکالی جانے والی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ابھی تک باقاعدہ طور پر استعفوں کا نہیں کہا لیکن میرے پاس استعفوں کے انبار لگے ہیں ، مسلم لیگ ن 13دسمبر کے بعد استعفے لے گی ، یہ حکومت جلد انجام کو پہنچے گی ، عمران خان ہاتھ جوڑ کر پی ڈی ایم سے این آر او مانگ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لاہور کے عوام کو کہوں گی کہ فیصلے کا وقت آگیا ہے ، اس لیے لاہوریوں کو لاہور کی بیٹی مریم نوازخود جا کر 13دسمبر کے جلسے میں شرکت کی دعوت دے گی کہ وہ بار نکلیں اور جابر حکومت کے خلاف نواز شریف کا ساتھ دیں ، اس ملک میں مستقبل صرف ن لیگ کا ہی ہے ، کیوں کہ اس ملک کی خدمت پہلے بھی ن لیگ نے ہی کی ہے اور اب بھی وہی کرے گی ، نوازشریف کا مقابلہ عمران خان سے نہیں بلکہ انہیں لانے والوں سے ہے ۔ واضح رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے 13 دسمبر کو لاہور میں جلسہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے جس کے لیے مریم نواز نے شہر بھر میں ریلیاں نکالنے اور عوام کو 13 دسمبر کے جلسے کی خود جا کر دعوت دینے کا فیصلہ کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں