pervez khattek 16

مولانا فضل الرحمان پی ڈی ایم کے ہاتھوں مزید کھلونا نہ بنیں، پرویز خٹک

اسلام آباد: وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم میں شامل سیاسی جماعتیں ایک دوسرے سے ہی مخلص نہیں، اپوزیشن اتحاد نے مولانا فضل الرحمان سے بھی ہاتھ کر دیا، انھیں چاہیے کہ وہ مزید ان کے ہاتھوں کا کھلونا نہ بنیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم والے ایک دوسرے سے مخلص نہیں، پہلے مرحلے میں سینیٹ انتخابات میں پیپلز پارٹی نے ن لیگ کے ووٹ یوسف رضا گیلانی کو دلوائے لیکن پیپلز پارٹی نے خود ن لیگ کو دھوکا دیا اور ن لیگ کی امیدوار کو جان بوجھ کر ہرایا، اسی طرح دوسرے مرحلے میں جب چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخابات ہوئے تو وہی بدلہ ن لیگ نے پیپلز پارٹی سے لیا، پہلے ن لیگ والوں نے اپنے سات ووٹ مسترد کرائے تاکہ پیپلز پارٹی کو سمجھ آ جائے کہ دھچکا کسے کہتے ہیں، یوسف رضا گیلانی کی شکست کے بعد جب پیپلز پارٹی نے واویلا شروع کر دیا تو ن لیگ والوں نے ڈپٹی چیئرمین کے انتخابات میں کھل کر اپنے ووٹ کا حق استعمال کیا۔

pervez khattek

پرویز خٹک نے کہا کہ پی ڈی ایم نے پھر مولانا فضل الرحمان سے بھی ہاتھ کیا، سب نے ایک دوسرے سے بدلے لئے اور یہ آئندہ بھی ایک دوسرے سے اسی طرح بدلے لیتے رہیں گے، مولانا فضل الرحمان کو اب عقل آ جانی چاہیے اور سینیٹ انتخابات کے بعد انہیں پی ڈی ایم کے عزائم معلوم ہو جانے چاہییں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم جھوٹ کا پلندہ ہے، ان کا کام ہے جھوٹ بولنا، وعدہ کچھ کرتے ہیں اور کرتے کچھ ہیں، مجھے ان کے کھیل سے بڑا مزہ آیا ہے اور آگے بھی ان کا کھیل اسی طرح جاری رہے گا، یہ لوگ ایک دوسرے کو مار کر بغض نکالیں گے اور ہم تماشا دیکھیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر دفاع نے کہا کہ پی ڈی ایم والے ڈرامے باز لوگ ہیں اور ہر روز نیا ڈرامہ کرتے ہیں، انہوں نے سینیٹ میں بھی اپنے لوگ بھرتی کئے ہوئے ہیں، یہ خود ہی سینیٹ میں کیمرے لائے اور لگائے، ہمارا اس سے کچھ لینا دینا نہیں ہے، ان کے ڈرامے اسی طرح بے نقاب ہوتے رہیں گے اور یہ لوگ قوم کے سامنے شرمندہ ہوتے رہیں گے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے مولانا فضل الرحمان کو فارغ کر دیا ہے، انہیں عقل آ جانی چاہیے اور فوری طور پر پی ڈی ایم کی صدارت چھوڑ دینی چاہیے، پی ڈی ایم والے مولانا فضل الرحمان کو کو بے وقوف بنا رہے ہیں، مولانا فضل الرحمان جب دھرنے کیلئے آئیں گے تو یہ لوگ آدھے راستے میں ان کا ساتھ چھوڑ دیں گے جسطرح انہوں نے ماضی میں مولانا فضل الرحمان کو دغہ دیا تھا۔ پی ڈی ایم کے حوالے سے ایک اور سوال کے جواب میں پرویز خٹک نے کہا کہ پی ڈی ایم بوکھلاہٹ کا شکار ہے ان کو سمجھ ہی نہیں آتی کیا کریں، پہلے بھی یہ لوگ ناکام ہوئے ہیں آئندہ بھی جو کچھ ہو گا وہ پوری قوم دیکھے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں