usman buzdar 182

وزیراعلیٰ پنجاب کا پی ڈی ایم کو لاہورجلسے کی اجازت دینے سے صاف انکار

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پی ڈی ایم کو لاہور جلسے کی اجازت دینے سے صاف انکار کردیا ہے، انہوں نے کہا کہ عوام کے تحفظ کیلئے جلسے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، کسی بھی غیرقانونی حرکت پر کاروائی کریں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ جس میں صوبائی وزراء، اعلیٰ حکام کورکمانڈر لاہور ماجد احسان اور ڈی جی رینجرز پنجاب، آئی جی پنجاب بھی شریک ہوئے۔
ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں عسکری و سول قیادت کورونا کیخلاف مشترکہ کاوشیں یقینی بنائے گی۔ کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق کاروائی ہوگی۔ کورونا مریضوں کے علاج کے لیے وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
اسمارٹ اور مائیکرولاک ڈاؤن والے علاقوں میں آمدورفت کو محدودرکھا جائے گا۔ معاشی سرگرمیاں بند کیے بغیر ایس اوپیز پر عمل کروایا جائے گا۔

ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر مارکیٹوں اور بازاروں میں جرمانے کیے جائیں گے۔ اسی طرح ماسک پہننے کی پابندی پردفاتر اورعوامی مقامات پرسختی سےعملدرآمد کرایا جائےگا۔ اجلاس میں کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر پر قابو پانا قومی چیلنج ہے، عوام کی زندگیوں کا تحفظ سب سے عزیز ہے۔ عوامی زندگیوں کے تحفظ کیلئے سول حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، کورونا کیخلاف مشترکہ کاوشیں مزید مئوثر بنائیں گے۔
جس پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ کورکمانڈر لاہور کی جانب سے کورونا وباء پر قابو پانے کیلئے کاوشوں پر ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں، تعاون پر ان کے شکرگزار ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوچکا ہے۔ کورونا کی اس لہر کو احتیاطی تدابیر اور ایس اوپیز پرعمل کرکے پسپا کرنا چاہتے ہیں۔
کورونا کا پھیلاوَ روکنے کیلئے عوام کا تعاون بےحد ضروری ہے۔ مزدورطبقے کے معاشی مسائل کو مدنظررکھتے ہوئے ضروری پابندیاں لگائی گئی ہیں۔ اسپتالوں میں کورونا مریضوں کےعلاج کیلئے ممکنہ سہولتیں فراہم کرنے پر توجہ دے رہے ہیں۔ ٹیچنگ ہسپتالوں میں ایچ ڈی یوز کو دوبارہ فعال کردیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے پی ڈی ایم کو لاہور جلسے کی اجازت دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے تحفظ کیلئے جلسے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ کسی بھی غیرقانونی حرکت پر کاروائی کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں