CORONA 19

کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ ، گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 37 اموات رپورٹ

اسلام آباد : کورونا وائرس کی دوسری لہر نے شہریوں کو مزید پریشان کر دیا ہے۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 37 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ ملک بھر میں 2208 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 63 ہزار 380 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 208 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 11 ہزار 626، سندھ میں ایک لاکھ 57 ہزار 432، خیبر پختونخوا میں 42 ہزار 815، بلوچستان میں 16 ہزار 529، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 467، اسلام آباد میں 24 ہزار 871 جبکہ آزاد کشمیر میں 5 ہزار 640 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 50 لاکھ 18 ہزار 483 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 38 ہزار 544 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 25 ہزار 788 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 551 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 2 ہزار 509، سندھ میں 2 ہزار 760، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 318، اسلام آباد میں 263، بلوچستان میں 156، گلگت بلتستان میں 93 اور آزاد کشمیر میں 131 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پیش نظر ملک بھر میں شادی ہالز میں تقاریب پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔گزشتہ روز قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ ملک بھر میں کورونا کیسز چار گنا بڑھ گئے ہیں، ہم نے سارے ملک میں جلسے،جلوس ختم کر دیئے ہیں، دوسروں کو بھی کہیں گے کہ جلسوں کو ملتوی کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی اجتماع میں 300 سے زیادہ لوگ اکھٹے کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ وزیراعظم عمران خان کی ایک بار پھر قوم سے ماسک کے استعمال کی اپیل بھی کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں