77

10 سال بعد ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی

10 سال بعد ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دو میچز رواں ماہ راولپنڈی اور کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ سری لنکن کرکٹ ٹیم دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں شرکت کیلئے 8 دسمبر کو پاکستان پہنچے گی۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 11 سے 15 دسمبر تک راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا میچ 19 سے 23 دسمبر تک نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

ابتدائی طور پر سری لنکا کو دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز اکتوبر میں کھیلنا تھی تاہم مہمان ٹیم نے سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کی غرض سے دسمبر میں شیڈول پاکستان کے خلاف محدود فارمیٹ کی سیریز کو ٹیسٹ سیریز سے تبدیل کر دیا تھا۔پاکستان میں ایک روزہ اور ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے کامیاب انعقاد کے بعد سری لنکا کرکٹ نے فیوچر ٹور پروگرام میں شامل دسمبر میں ٹیسٹ سیریز کے شیڈول کی تصدیق کی۔

سیریز کے دوران سیکورٹی کے بہترین انتظامات اور شائقین سے کھچا کھچ بھرے سٹیڈیم کی صورت میں ملک کی مجموعی سیکورٹی صورتحال اور کرکٹ سے محبت کرنے والی عوام کا جنون دیکھا گیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان کا کہنا ہے کہ یہ قومی کرکٹ کیلئے ایک شاندار خبر ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ دیگر ممالک کی طرح پاکستان بھی کھیلوں کیلئے ایک محفوظ ملک ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ طویل فارمیٹ کی سیریز کیلئے ٹیم پاکستان بھجوانے پر سری لنکا کرکٹ کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سیریز ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی سے متعلق پی سی بی کی کاوشوں کا نتیجہ ہے جس سے انہیں نوجوان نسل کو کھیل کی طرف راغب کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ سیریز کے شیڈول کو حتمی شکل دینے کے بعد اب معیاری انتظامات کی تیاری عررج پر ہے اور آخری مراحل میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی اس سیریز کو یادگار بنانے کیلئے کرکٹرز، آفیشلز، میڈیا اور عوام کیلئے انتظامات میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز میں سخت مقابلہ ہوگا جہاں شائقین کرکٹ کو سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔

ْورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ، رواں ماہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے.

اپنا تبصرہ بھیجیں