ترسیلات زر کا ماہانہ 2 ارب ڈالر سے زائد رہنے کا مضبوط رجحان جاری، ستمبر میں 2.7 ارب ڈالر ترسیلات زر موصول ہوئیں، مرکزی بینک

ترسیلات زرستمبر 2021 میں2.7ارب ڈالرموصول ہوئیں۔ مرکزی بینک سے جمعہ کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ستمبر 2021 میں 2.7ارب ڈالر کی آمد کے ساتھ کارکنوں کی ترسیلات زر کا جون 2020 سے ماہانہ 2 ارب ڈالر سے زائد رہنے کا مضبوط رجحان جاری رہا۔ یہ مسلسل ساتواں مہینہ ہے کہ آنے والی رقوم اوسطا ً2.7 ارب ڈالر کے لگ بھگ رہی ہیں ۔

نمو کے لحاظ سے ترسیلات زر ستمبر میں 16.9فیصد (سال بسال)بڑھ گئیں جبکہ ماہ بہ ماہ بنیاد پر 0.5 فیصد اضافہ ہوا۔ مجموعی طور پر اس سال کی پہلی سہ ماہی میں 8.0 ارب ڈالر ترسیلات زر آئیں جو پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 12.5 فیصد اضافے کو ظاہر کرتی ہیں۔

ستمبر 2021 کے دوران آنے والی ترسیلات زر زیادہ تر سعودی عرب 691 ملین ڈالر، متحدہ عرب امارات 502 ملین ڈالر، برطانیہ 370 ملین ڈالراور امریکہ سے 245 ملین ڈالرآئیں۔

گذشتہ سال سے ترسیلات زر کی آمد میں مسلسل بہتری کے اسباب میں باضا بطہ طریقوں کے استعمال کی ترغیب دینے کے لیے حکومت اور اسٹیٹ بینک کے فعال پالیسی اقدامات، کووڈ 19 کی بنا پر سرحد پار سفر میں کمی، وبا کے دوران پاکستان کو بھیجی جانے والی فلاحی رقوم اور زرمبادلہ مارکیٹ کے منظم حالات شامل تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں