پاکستانی سائنسدان کے لیے مسلم دنیا کا سب سے بڑا سائنسی ایوارڈ

پاکستانی پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کو بائیو آرگینک کیمسٹری کے شعبے میں ان کی خدمات پر مسلم دنیا کے سب سے بڑے سائنسی ایوارڈ مصطفی پرائز لاریئٹ2021 سے نوازا گیا ہے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی ’’اے پی پی‘‘ کے مطابق ’مصطفی پرائز لاریئٹ‘ سائنس اور ٹکنالوجی کا ایک اعلیٰ ایوارڈ ہے جو ہر دو سال بعد مسلمان ممالک کے چوٹی کے محققین اور سائنسدانوں کو چار شعبوں میں دیا جاتا ہے جس میں زندگی اور طبی سائنس اور ٹیکنالوجی، نینو سائنس اور نینو ٹیکنالوجی، انفارمیشن اور مواصلاتی سائنس اور ٹیکنالوجی اور سائنس اور ٹکنالوجی کے دیگر تمام شعبوں میں دیا جاتا ہے۔

اس ایوارڈ کو 2012 میں بین الاقوامی سطح پر سائنسی مہارت کی علامت کے طور پر قائم کیا گیا تھا اور اسے مسلم دنیا کا نوبیل انعام سمجھا جاتا ہے۔ پاکستان، ایران، بنگلہ دیش، لبنان اور مراکش کے پانچ سائنسدانوں کو ان کے متعلقہ شعبوں میں مذکورہ ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ ایوارڈ کی ویب سائٹ کے مطابق ہر شعبے میں ایوارڈ جیتنے والے کو 5 لاکھ ڈالر کا ایوارڈ، سرٹیفکیٹ اور میڈل دیا گیا ہے۔

جامعہ کراچی میں بین الاقوامی مرکز برائے کیمیکل اور حیاتیاتی سائنسز (آئی سی سی بی ایس) کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری عالمی شہرت یافتہ ادویات کے کیمسٹ ہیں۔ بین الاقوامی جرائد میں نامیاتی اور جیو نامیاتی کیمسٹری کے شعبوں میں ان کے ایک ہزار 175 سے زائد تحقیقی مقالے شائع ہو چکے ہیں۔ وہ اس موضوع پر 76 مقالے اور 40 ابواب بڑے امریکی اور یورپی پریس کی شائع کردہ کتب میں شائع ہو چکے ہیں جبکہ وہ اب تک 40 امریکی پیٹنٹ بھی حاصل کر چکے ہیں۔

ڈاکٹر اقبال کے کام کو دنیا بھر کے محققین نے 27 ہزار 407 بار نقل کیا ہے اور ان کا ایچ۔انڈیکس 70 ہے جبکہ اب تک 94 مقامی اور بین الاقوامی اسکالرز نے ان کی زیر نگرانی پی ایچ ڈی کی ڈگریاں مکمل کی ہیں۔ پی ایچ ڈی، ڈی ایس سی اور سی کیم کی ڈگریوں کے حامل ڈاکٹر اقبال مختلف پاکستانی حکومتیں ہلال امتیاز، ستارہ امتیاز اور تمغہ امتیاز سے نواز چکی ہیں۔

وہ معروف اکیڈمیوں کے فیلو بھی رہ چکے ہیں جن میں اکیڈمی آف سائنسز فار دی ڈیولپنگ ورلڈ، اسلامک ورلڈ اکیڈمی آف سائنسز، پاکستان اکیڈمی آف سائنسز، رائل سوسائٹی آف کیمسٹری اور کیمیکل سوسائٹی آف پاکستان شامل ہیں۔

پروفیسر اقبال کو اس سے قبل ایران کے صدر نے خوارزمی بین الاقوامی ایوارڈ سے نوازا تھا۔ آذربائیجان کے صدر نے تعلیم کے شعبے میں آئی سی او ایوارڈ دیا تھا اور پاکستان کے وزیر اعظم نے کیمسٹری میں کامسٹیک ایوارڈ دیا تھا۔

انہیں 2004 میں ہائر ایجوکیشن کمیشن نے ممتاز قومی پروفیسر اور 2013 میں جامعہ کراچی کی جانب سے قابل پروفیسر کا اعزاز دیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں