پاکستان کی کرکٹ عالمی کپ کے کسی میچ میں بھارت کے خلاف پہلی شاندارفتح

پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم نے کپتان بابراعظم ،محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی کے شاندارکھیل کی بدولت مردوں کے آئی سی سی ٹوئنٹی 20 عالمی کپ کرکٹ ٹورنا منٹ کے میچ میں فتح حاصل کر لی ہے۔
عالمی کپ کرکٹ کے مقابلوں میں پاکستانی ٹیم کی بھارت کے خلاف یہ پہلی جیت ہے۔اس طرح اس نے 1992ء سے جاری شکستوں کے تسلسل کوتوڑ دیاہے اور مسلسل بارہ میچوں میں ہار کے بعد تیرھویں میچ میں جیتا ہے۔
اتوارکی شب دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بھارت کو بلے بازی کی دعوت دی۔ بھارت کواس ٹوئنٹی 20 ورلڈکپ کا فیورٹ قراردیا جارہا تھا لیکن وہ اس اہم مقابلے میں سات وکٹ کے نقصان پر151 رنزبناسکا۔
پاکستان کے فاسٹ باؤلرشاہین شاہ آفریدی نے33 رنز کے عوض کپتان ویرات کوہلی سمیت تین وکٹیں حاصل کیں۔انھوں نے میچ کے آغازہی میں بھارت کے دو بلے بازوں کو آؤٹ کردیا تھا جس سے ٹیم دباؤ کا شکارہوگئی۔ تاہم کپتان ویرات کوہلی نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔
انھوں ںے ٹی ٹوینٹی میچوں میں اپنی انتیسویں نصف سینچری مکمل کی اور بھارتی ٹیم کوسنبھالا دینے میں مدد دی۔انھیں بھی شاہین آفریدی نے آؤٹ کیا۔انھوں نے بھارت کی جانب سے سب سے زیادہ 57 رنز اسکور کیے۔ان کی ٹیم نے پاکستان کو جیت کے لیے 152رنز کا ہدف دیا تھا۔
پاکستان کے دونوں اوپنر بلے بازوں بابراعظم اور محمد رضوان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اٹھارھویں اوور میں یہ ہدف حاصل کرلیا۔انھوں نے بالترتیب 68 اور 79 رنز بنائے۔
ٹی 20 عالمی کپ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی ایک ٹیم نے محدود اوورز کے میچ میں دوسری ٹیم کو 10 وکٹ سے شکست دی ہے۔اس جیت کے بعد گروپ 2 میں پاکستان دوپوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔شاہین آفریدی کو ان کی شاندار باؤلنگ پرمیچ کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں