حکومت کو ٹف ٹائم دیں گے، شہباز شریف: حکومت کو مل کر بھگائیں گے، بلاول

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلزپارٹی، جمعیت العلمائے اسلام (ف) اور عوامی نیشنل پارٹی سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کے خلاف مشترکہ احتجاج کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ٹی وی ٹوڈے نیوز کے مطابق یہ فیصلہ اپوزیشن جماعتوں نے پارلیمنٹ میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کے چیمبر میں منعقدہ اجلاس میں کیا جس میں ن لیگ کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف، چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری، اے این پی کے امیر حیدر خان ہوتی اور جے یو آئی کے مولانا اسعد محمود سمیت دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس کے حوالے سے ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ مشترکہ اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں نے مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر تبادلہ خیال کیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ن لیگ کے مرکزی صدر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت کو پارلیمنٹ میں ٹف ٹائم دیں گے۔

ٹی وی ٹوڈے نیوز نے ذرائع سے بتایا ہے کہ چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری کا اجلاس میں کہنا تھا کہ نالائق و نا اہل حکومت کو مل کر بھگائیں گے۔

اپوزیشن جماعتوں کے ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کل بھی منعقد ہو گا جس میں مشترکہ لائحہ عمل اپنانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں