آسٹریلیا کا 24 سال بعد پاکستان کا دورہ، شیڈول جاری

آسٹریلیا کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے، 1998 کے بعد یہ آسٹریلیا کا پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔

پی سی بی کے مطابق آسٹریلوی کرکٹ ٹیم آئندہ سال مارچ اپریل میں پاکستان کا دورہ کرے گی ، دورے میں تین ٹیسٹ، تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ شامل ہیں۔

سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 3 مارچ سے کراچی میں شروع ہوگا،دوسرا ٹیسٹ میچ 12 تا 16 مارچ تک راولپنڈی میں کھیلاجائے گا، تیسرا میچ21 تا 25 مارچ تک لاہور میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے شیڈول میں بتایا گیا ہے کہ سیریز کے چاروں وائٹ بال میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے، میچز 29 مارچ سے 5 اپریل تک جاری رہیں گے۔

اس موقع پر چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کو خوش آمدید کہنے پر مسرور ہوں، ان کا کہنا تھا کہ انہیں تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے انعقاد پر ذاتی طور پر بہت خوشی ہے۔

جبکہ چیف ایگزیکٹو کرکٹ آسٹریلیا نک ہوکلے نے کہا کہ پاکستان کی عوام کرکٹ سے پیار کرتی ہے، ہمارا آئندہ سال دورہ پاکستان وہاں موجود کرکٹ فینز کو مزید پرجوش کرے گا۔

چار روز قبل ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا شیڈول بھی جاری کیا گیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق ویسٹ انڈیز دسمبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی اور 3 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے جائیں گے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 13 سے 22 دسمبر 2021 تک سیریز کا انعقاد ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں