بھارتی کسانوں نے اکشے کمار کی نئی فلم کو نمائش سے روک دیا

نئی دہلی: بھارتی کسانوں نے بالی ووڈ کے اداکار اکشے کمار اور کترینہ کیف کی فلم کی نمائش روک دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کسانوں نے مودی کے کالے قانون کے خلاف احتجاج کی حمایت نہ کرنے پر اکشے کمار کی فلم “سوریا ونشی” کی نمائش روکی۔

بھارتی کسانوں کا مودی کے خلاف اب بھی احتجاج جاری ہے اور بھارت کے کئی معروف اور شوبز شخصیات نے بھی اس احتجاج کی حمایت کی ہے تاہم اکشے کمار کی جانب سے کسانوں کی حمایت کے لیے کوئی بھی بیان جاری نہیں کیا گیا تھا۔

اکشے کمار کی جانب سے حمایت کا اعلان نہ کرنے کے خلاف بھارتی پنجاب کے کسانوں نے بالی ووڈ ہیرو کی نئی فلم کی نمائش پنجاب میں روک دی ہے۔

کسانوں نے ہوشیار پور کے 5 مقامی سینما گھروں کے مالکان سے فلم کی نمائش نہ کرنے پر زور دیا ہے۔

مظاہرین کی جانب سے سینما مالکان کو دھمکی دی گئی ہے کہ جب تک زراعت کے لیے بنائے گئے نئے قوانین کو منسوخ نہیں کیا جاتا اس وقت تک فلم کی نمائش نہیں ہونے دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں