نئی دہلی: فضائی آلودگی میں اضافے کے باعث بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں تمام اسکولوں، کالجوں سمیت تمام تعلیمی اداروں کو تاحکم ثانی بند کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔
ٹی وی ٹوڈے نیوز نے بھارت کے مؤقر نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کے حوالے سے بتایا ہے کہ ملک کے دارالحکومت نئی دہلی میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کے سبب تمام اسکولوں کی بندش میں مزید توسیع کردی گئی ہے۔
نشریاتی ادارے کے مطابق محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ دارالحکومت میں تمام اسکول، کالج اور دیگر تعلیمی ادارے آئندہ احکامات تک مکمل طور پر بند رہیں گے۔
اس ضمن میں کہا گیا ہے کہ محکمہ تعلیم نے یہ قدم محکمہ ماحولیات کی ہدایت کے پیش نظر اٹھایا ہے۔ اس سلسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ آن لائن کلاسز کا سلسلہ جاری رکھا جا سکتا ہے۔
نئی دہلی کے وزیراعلیٰ نے 13 نومبر کو ایک ہفتے کے لیے تمام تعلیمی اداروں کی بندش کے احکامات جاری کیے تھے۔ وہ مدت آج ختم ہو گئی ہے جس کے بعد اسکولوں کی بندش میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق فضائی آلودگی کے سبب بچوں میں سانس کے امراض بڑھنے لگے ہیں اور ان میں دمے سمیت دیگر بیماریاں پیدا ہونے لگی ہیں جو نہایت خطرناک ہے۔