کترینہ کیف اور وکی کوشال کی شادی کو خفیہ رکھنے کے لیے نہ صرف کئی جتن کیے جا رہے ہیں بلکہ شرکت کے لیئے درجنوں شرائط بھی رکھ دی گئی ہیں، نہلے پر دہلہ اس وقت ہوا جب بالی وڈ کے معروف اور سینئر ادا کار نے بھی شادی میں شرکت کےلیے اپنی شرط رکھ دی۔
بالی وڈ کے جوڑے کی شادی کے یوں تو چرچے زبان زد عام ہیں مگر پھر بھی اسے خفیہ رکھنے کےلیے نہ صرف کئی جتن کیے جا رہے ہیں بلکہ شادی میں شرکت کرنے والوں کے لیے بھی کئی شرائط رکھی گئی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شادی میں شرکت کے لیے مہمانوں کو خفیہ کوڈز دیے جائیں گے،کوڈز بتانے پر ہی تقریب میں انٹری کی اجازت ہوگی۔
ادھر بالی وڈ کے معروف اور سینئر اداکار گجراج راؤ نے بھی وِکی کوشال کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ وہ شادی میں شرکت کریں گے تو صرف اپنی شرائط پر۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر وکی کوشا ل کو مینشن کرتے ہوئے لکھا کہ سیلفی نہیں لینے دے گا تو میں نہیں آرہا بیاہ میں۔
گجراج راو کی اسٹوری نہ صرف سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی بلکہ اس بات کی تصدیق بھی ہے کہ دونوں کی شادی ہونے جا رہی ہے۔
بالی وڈ کی اسٹار جوڑی کترینہ اور وکی کی جانب سے اب تک اپنی شادی کی تصدیق نہیں کی گئی ہے جب کہ بھارتی میڈیا اس بات پر مُصر ہے کہ دونوں کی شادی کی تقریبات کا آغاز 7 دسمبر سے ہورہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شادی میں شرکت کرنے والے خصوصی مہمانوں کی شناخت بھی صیغہ راز میں رکھی جائے گی۔ جس کےلیے ہوٹل نے تمام مہمانوں کے ناموں کے بجائے کوڈز الاٹ کیے ہیں۔ ان کوڈز کی بنیاد پر مہمانوں کو مختلف خدمات فراہم کی جائیں گی، جیسے کہ روم سروس، سیکیورٹی وغیرہ۔
حتی کہ ہوٹل کے کمروں تک رسائی بھی کوڈ کے ذریعے ہوگی اور شادی میں شرکت کے لیے ’نو فون پالیسی‘ لاگو ہوگی۔ جو اب سلیبریٹیز کی شادیوں میں ایک عام بات ہے۔
مہمانوں کو شادی میں شرکت ظاہر نہ کرنے، فوٹو گرافی نہ کرنے، تصاویر اور لوکیشن سوشل میڈیا پر شیئر نہ کرنے کا بھی پابند کیا جائے گا۔
راجستھان کے ضلع سوائی مادھو پور میں واقع سکس سینس فورٹ بارواڑہ میں نو دسمبر کو بالی ووڈ اسٹارز وکی کوشل اور کترینہ کیف کی شادی کی تقریب ہوگی۔
شادی کی تقریبات 6دسمبر سے 10 دسمبر تک جاری رہیں گی جن کے لیے سیکیورٹی کا سخت انتظام کیا گیا ہے۔
دوسری طرف کترینہ کیف کے دن کیا پڑے کہ سپر اسٹار سلمان خان کے مداحوں کو ان کی شادی کی فکر لگ گئی۔
کوئی پوچھتا ہے کہ سلمان خان کا کیا بنے گا؟ وہ کب شادی کریں گے؟ اور اب وہ پھر اکیلا پن کیسے گزارتے ہوں گے؟
سلمان خان کے مداحوں کے تمام سوالات کے جوابات لے کر آئے ہیں ان کے بہنوئی آیوش شرما۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دبنگ خان کی بہن ارپیتا خان کے شوہر آیوش شرما کا کہنا ہے کہ سلمان خان کام ہی اتنا کرتے ہیں کہ ان کے پاس شادی کے لیے وقت ہی نہیں۔
آیوش شرما نے کہا کہ وہ سلمان خان کے سامنے شادی کے موضوع کو نہیں چھیڑتے ، انہیں لگتا ہے کہ سلمان خان اپنی زندگی سے بہت خوش ہیں اور وہ اپنے فیصلے خود لیں گے۔
آیوش شرما نے بتایا کہ سلمان خان کا طرز زندگی بہت سادہ ہے، وہ دو تین سال تک ایک ہی فون استعمال کرسکتے ہیں،انہیں فونز میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔
سلمان خان کو کاروں میں دلچسپی ہے نہ ہی کپڑوں اور گھر میں موجود پرتعیش اشیاء سے ۔ انہیں دو تین گھنٹوں کے لیے اکیلا چھوڑدیں تو وہ فلمیں دیکھنے میں وقت گزاریں گے۔