ہیلسنکی: فن لینڈ کی وزیراعظم نے نائٹ کلب جانے پر قوم سے معافی مانگ لی ہے۔ 36 سالہ وزیراعظم سنا مارین نے قوم سے معافی اس لیے مانگی ہے کہ وہ کورونا سے متاثرہ شخص سے رابطے میں رہی تھیں
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ وزیراعظم سنا مارین نے ملکی قوانین کی کسی بھی طرح خلاف ورزی نہیں کی لیکن اس کے باوجود معافی اس لیے مانگی ہے کہ وہ اخلاقی اعتبار سے کچھ سماجی و معاشرتی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں ناکام رہی تھیں۔
امریکی اخبار کے مطابق وزیراعظم سنا مارین کے علم میں ہفتہ کی شام یہ بات آگئی تھی کہ ان کی کابینہ کے ایک رکن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے مگر اس کے باوجود انہوں نے رات گئے تک نائٹ کلب میں پارٹی جاری رکھی بلکہ ماسک کا استعمال کیے بغیر لوگوں کے ہجوم میں بھی شامل رہیں۔
فن لینڈ کی سوشل ڈیموکریٹ وزیراعظم کی ایسی تصاویر ذرائع ابلاغ اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر وائرل ہوئی ہیں جن میں وہ ہیلسنکی نائٹ کلب میں ماسک کے بنا دکھائی دے رہی ہیں۔