کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کل پورے ملک میں دھرنے دے گی۔ دھرنا مہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف دیا جائے گا۔
اس بات کا اعلان پاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی
شاہ نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزرا سعید غنی اور ناصر حسین شاہ بھی موجود تھے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے کہا کہ اس وقت سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ کو ظلم قرار دے کر پیش کیا جا رہا ہے حالانکہ آج سے ڈیڑھ سال پہلے کہا تھا کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترمیم کی ضرورت ہے۔
انہوں ںے کہا کہ صوبائی وزیر سید ناصرحسین شاہ گزشتہ 7/8 ماہ سے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مل کر تجاویز لے رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو تو کچھ سمجھ ہی نہیں ہے جب کہ اعتراضات کرنے والے سے سب سے پہلے بینفشری رہ چکے ہیں۔ انہوں ںے استفسار کیا کہ جماعت اسلامی کے نعمت اللہ خان کس یوسی کے رکن تھے جو ناظم بنے تھے؟