کراچی کے نجی اسپتال میں خاتون میں اومیکرون ویرینٹ کی تصدیق

کورونا کا اومیکرون ویرینٹ پاکستان بھی پہنچ گیا۔ کراچی کے نجی اسپتال میں خاتون میں اومیکرون ویرینٹ کی تصدیق ہوئی۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق اومی کرون کا پہلا کیس کراچی میں رپورٹ ہوا۔ پینسٹھ سالہ خاتون کو طبعیت ناسازی پر نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ اسپتال میں خاتون کے مختلف ٹیسٹ کئے گئے جس کے بعد خاتون میں کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ اومی کرون کی تصدیق ہوئی۔

محکمہ صحت کے مطابق نجی اسپتال نے خاتون میں اومی کرون ویرینٹ کی تصدیق کی ہے۔ خاتون نے کورونا وائرس سے بچاو کی ویکسین نہیں کروائی تھی۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق خاتون کی ٹریول ہسٹری نہیں ہے۔

دوسری جانب این سی او سی ذرائع کا کہنا ہےکہ یہ ایک مشتبہ معاملہ ہے۔ متاثرہ خاتون کے سیمپل حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ ڈبلیو ایچ او کا بھی کہناہے کہ اومی کرون کے بہت زیادہ خطرناک ہونے کے شواہد موجود نہیں ہیں۔

پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت سندھ قاسم سومرو کا کہنا ہے مشتبہ اومیکرون کیس میں خاتون کی کنٹیکٹ ٹریسنگ کر رہے ہیں۔ ایک فیملی کے تین چار افراد مشتبہ ہیں۔ اسٹڈی کررہے ہیں کہ کیا سب کو اومی کرون ہوا۔ گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ اسٹینڈرڈ پروٹوکولز کو فالو کرنے کی ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں