شدید ترین خشک سردی کے باعث بچے اور ضعیف العمر افراد بیمار ہونے لگے

متاثرین کو نزلہ،زکام،کھانسی کی شکایت ،ہسپتالوں اورپرائیویٹ کلینکس پر مریضوں کا رش بڑھ گیا
صوبائی دارالحکومت سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں باران رحمت کے لئے خصوصی دعائیں کی جانے لگیں

پشاورسمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں شدید ترین خشک سردی کے باعث موسمی بیماریوں میں اضافہ ہو گیا جس سے نومولود بچے اور ضعیف العمر افراد زیادہ متاثر ہو رہے ہیں ۔باران رحمت کیلئے دعائیں کی جانے لگی ہیں ۔تفصیلات کے مطابق پشاورسمیت صوبے کے دیگر میدانی علاقوں میں شدید ترین ٹھنڈ اور خشک موسم کے باعث موسمی بیماریوں میں شدت آگئی ہے جس سے نومولود بچے اور ضعیف العمر افراد بڑے پیمانے پر متاثر ہو کر ہسپتالوں اور پرائیویٹ کلینکس کارخ کر رہے ہیں جبکہ میڈیکل سٹوروں پر بھی رش بڑھ گیا ہے ۔سردی سے بچوں کو نزلہ،زکام،کھانسی کی شکایات عام ہیں اور صبح سے رات دیر گئے تک ڈاکٹروں کے کلینکس اور ہسپتالوں پر رش بڑھ گیا ہے ۔پشاور سمیت مردان،نوشہرہ،صوابی،کرک اور دیگر علاقوں میں اس وقت موسم شدید سرد اور خشک ہے جس کے باعث بیماریاں بڑھ رہی ہیں ۔ساتھ ہی طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ بارش نہ ہونے کی وجہ سے موسم خشک تر ہو گیا ہے اور بارش کے بعد بیماریوں کی شدت کم ہو گی جس پر پشاور سمیت صوبے کے دیگر اضلاع کی مساجد میں باران رحمت کیلئے خصوصی دعائیں کی جارہی ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں