ذرا سی غفلت پورے خطے کو متاثر کر سکتی ہے، وزیر خارجہ

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ذرا سی غفلت پورے خطے کو متاثر کر سکتی ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ افغانستان کی فی الفور مدد نہ کی گئی تو انسانی بحران مزید بڑھ سکتا ہے اور افغانستان کی معاشی تباہی کے اثرات پڑوسی ممالک پر پڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کی صورتحال سے یورپی ممالک بخوبی آگاہ ہیں اور افغانستان میں امن خطے اور دنیا کے مفاد میں ہے جبکہ ذرا سی غفلت پورے خطے کو متاثر کر سکتی ہے۔ پاکستان، افغانستان سے متعلق جو بھی کردار ادا کر سکتا ہے کر رہا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ اسلامی ممالک کی تنظیم (او آئی سی) وزرائے خارجہ اجلاس افغانستان سے متعلق طلب کیا گیا ہے اور افغانستان او آئی سی کا بنیادی رکن ہے انہیں تنہا نہیں چھوڑا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان کی انسانی بنیادوں پر مدد کر رہا ہے اور افغان شہریوں کے لیے پاکستان ہر ممکن سہولت پیدا کر رہا ہے۔ پاکستان کی جانب سے امدادی اشیا بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں