اسلام آباد میں او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس آج ہوگا

افغانستان میں بگڑتی انسانی صورتحال پر اسلامی تعاون تنظیم کا غیرمعمولی اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا، جس سے وزیراعظم عمران خان خطاب کریں گے۔

کانفرنس میں شرکت کے لیے سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی طاہر اشرفی اور وفاقی وزیر اعظم سواتی نے سعودی وزیر کا استقبال کیا۔

علاوہ ازیں کابل سے افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی جبکہ انڈونیشیا، بوسنیا، ملائیشیا، ترکمانستان، کرغزستان کے حکام اور امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان تھامس ویسٹ بھی اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔

اجلاس میں او آئی سی کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور مبصرین کے علاوہ اقوام متحدہ، بین الاقوامی مالیاتی ادارے، امریکا، برطانیہ، فرانس، چین، روس، جرمنی، اٹلی کے مندوبین بھی شامل ہوں گے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اس کانفرنس کا مقصد عالمی برادری کی توجہ افغانستان کی صورتحال کی جانب مبذول کرانا ہے اور اس حوالے سے پیش رفت دیکھی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ یہ اجلاس سعودی عرب کی دعوت پر طلب کیا گیا ہے جو اسلامی تعاون تنظیم کا چیئرمین ہے۔ پاکستان نے اجلاس بلانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اجلاس کی میزبانی کی پیشکش کی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں