ترجمانوں کے اجلاسوں پر خرچ کرنے کے بجائے چینی سستی کردیں، مریم اورنگزیب

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے مشورہ دیا ہے کہ کرائے کے ترجمانوں کے اجلاسوں پر سرکاری خزانہ خرچ کرنے کے بجائے چینی سستی کردیں۔

ٹی وی ٹوڈے نیوز کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ کرائے کے ترجمانوں کے اجلاس بلائے جاتے ہیں جن میں شہباز شریف پر کیس بنانے کے لیے ڈیوٹیاں لگیں۔ انہوں نے استفسار کیا کہ یہ ڈیوٹیاں چینی اور آٹے پر کیوں نہیں لگتیں؟

مریم اورنگزیب نے دعویٰ کیا کہ ترجمانوں کے یہ تمام اجلاس صرف شہباز شریف کے خوف سے ہوتے ہیں اور کابینہ میں صرف نواز شریف و شہباز شریف کا نام لیا جاتا ہے۔

ن لیگ کی مرکزی ترجمان نے کہا کہ عوام کو انتظار تھا کہ فواد چودھری بتائیں گے کہ بجلی کی قیمت کم ہوئی ہے لیکن انہوں نے کہا کہ معیشت کے اشاریے درست سمت میں جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کو معیشت کا علم ہی نہیں ہوگا تو دوست سمت میں کیسے جائیں گے؟

ٹی وی ٹوڈےنیوز کے مطابق مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں مسلم لیگ ن کا اب بھی بہت ووٹر ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ن لیگ واحد جماعت ہے جس نے خود کو احتساب کے عمل سے گزارا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں