ٹماٹر، دال، چینی، انڈے اور لکڑی سمیت 23 اشیائے ضروریہ مہنگی ہو گئیں


اسلام آباد: ٹماٹر، دال، چینی، انڈے، لکڑی اور ایل پی جی سیلنڈر سمیت 23 اشیائے ضروریہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مہنگی ہو گئی ہیں۔

یہ بات وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ میں بتائی گئی ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 118 روپے 3 پیسے مہنگا ہو گیا ہے جس کے بعد گھریلو سلنڈر کی قیمت 2355 روپے سے بڑھ کر 2463 ہوگئی ہے۔

ہفتہ وار مہنگائی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر فی کلو 5 روپے 42 پیسے مہنگے ہوگئے ہیں جب کہ چینی کی قیمت میں فی کلو ایک روپے 32 پیسے کا اضافہ ہوا ہے۔

مہنگائی رپورٹ کے تحت گزشتہ ایک ہفتے کے دوران انڈوں کی فی درجن قیمت میں 5 روہے 3 پیسے بڑھ گئی ہے جب کہ دال ماش کی فی کلو قیمت میں تین روپے 47 پیسے کا اضافہ ہوا ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق رواں ہفتے لکڑی کی فی من قیمت میں 3 روپے 43 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ہفتہ وار مہنگائی رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے صرف 5 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔ اعداد و شمار کے تحت گزشتہ ایک ہفتے کے دوران آلو 2 روپے 5 پیسے فی کلو سستے ہوئے ہیں جب کہ پیاز، گڑ اور آٹے کی قیمتوں میں بھی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

گزشتہ ایک ہفتے کے دوران چاول اور کوکنگ آئل سمیت 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام پایا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں