پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے رہنما اور نارکوٹکس کنٹرول کمیٹی حکومت پنجاب کے چیف کوآرڈی نیٹرچوہدری فواد رسول بھلر نے کہا ہے کہ میں اس بات پرفخر ہےکہ پاکستان ہمارے بزرگوں کی قربانیوں سے حاصل ہوا، آئین پاکستان اقلیتوں سمیت تمام شہریوں کو یکساں حقوق فراہم کرتا ہے، پاکستان میں بسنے والے تمام شہریوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں ، آج وزیراعظم عمران خان اسی پاکستان کی جدوجہد کر رہے ہیں جس کا خواب قائداعظم محمد علی جناح نے دیکھا۔
لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری فواد رسول بھلر کا کہنا تھا کہ ، پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر بنا، بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے ایک ایسا ملک دیا جہاں ہم اسلام کے بنیادی اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے سماجی، سیاسی، اخلاقی اور معاشی لحاط سے زندگی گذار سکیں ،وزیراعظم عمران خان کی ساری جدوجہد اسی نظریاتی پاکستان کے گرد گھومتی ہے، وزیراعظم عمران خان نے اسلامو فوبیا پر پوری دنیا میں مسلم امہ کا موقف پیش کیااور اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں دلیرانہ تقریر کی اور وہ موقف رکھا جو قائداعظم کا موقف تھا، پوری دنیا آج وزیراعظم عمران خان کے موقف کی تائید کر رہی ہے، روسی صدر پیوٹن نے بھی ناموس رسالتﷺ پر وزیراعظم عمران خان کے موقف کی تائید کی،اپوزیشن جماعتیں ’میں نہ مانوں‘ رٹ لگائے ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی ناقص کارکردگی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی کی تنظیم نو کردی ہے ،پی ٹی آئی کارکنوں کو اسد عمر کے سیکرٹری جنرل بننے سے امید پیدا ہو گئی ہے کہ اب تحریک انصاف کے نظریاتی کارکنوں کو نظرانداز نہیں کیا جائے گا اور پنجاب میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں حقیقی ورکروں کو ٹکٹس دیئے جائیں گے ۔