پاک بھارت میچ سے قبل شاہین شاہ نے فون کیا تھا، شاہد آفریدی کا انکشاف

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے انکشاف کیا ہے کہ ورلڈکپ ٹی ٹوئنٹی میں پاک بھارت ٹاکرے سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ نے اُن سے فون پر بات کی تھی۔

شاہد آفریدی نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ نوجوان فاسٹ بولر نے انہیں بھارت کے خلاف میچ سے قبل فون کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف پہلا میچ کھیلنے سے پہلے شاہین نے مجھے ویڈیو کال کی اور بتایا کہ میں تھوڑا سا دباؤ محسوس کر رہا ہوں۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ ہم نے تقریباً گیارہ سے 12 منٹ بات کی۔

سابق کپتان نے کہا کہ اس ویڈیو کال کے دوران میں مسلسل شاہین کو حوصلہ دیتا رہا اور کہا کہ خدا نے تمہیں موقع دیا ہے اسے صحیح طرح سے استعمال کرنا۔

شاہد آفریدی نے اپنے کھیل کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کھلاڑی بھارت کے خلاف کھیل سے پہلے سو نہیں سکتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ناخوشگوار تعلقات کے باعث ہمیشہ ہی دباؤ بہت زیادہ رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں