نئی دہلی: بھارت میں انتہا پسند ہندوؤں نے کرسمس کے موقع پر سانتا کلاز کے پتلے کو نذر آتش کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں انتہا پسند ہندوؤں کے نفرت انگیز اقدامات جاری ہیں، بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر آگرہ میں ہندو انتہا پسند جماعت بجرنگ دل نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
کرسمس کے موقع پر انتہا پسندوں کی جماعت نے بھارت میں ہندوؤں کی مبینہ جبری تبدیلی مذہب کو بنیاد بنا کر احتجاجی مظاہرہ سینٹ جان چوک پر کیا گیا۔ جہاں سانتا کلاز مردہ آباد اور گو بیک سانتا کلاز کے نعرے لگائے گئے۔ مظاہرین نے اس دوران سانتا کلاز کے پتلے کو آگ لگا دی۔
خیال رہے کہ بھارت اقلیتوں کے لیے غیر محفوظ ملک بن چکا ہے اور امریکہ کے کمیشن برائے عالمی مذہبی آزادی (یو ایس سی آئی آر ایف) نے بھی بھارت کو اقلیتوں کے لیے خطرناک ملک قرار دیا۔
انسانی حقوق سے متعلق کام کرنے والے بین الاقوامی ادارے ہیومن رائٹس واچ (ایچ آر ڈبلیو) نے بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک پر تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ بھارت کی حکمران جماعت نے ہندو انتہا پسندوں کو اقلیتوں پر حملہ کرنے اور انہیں ہراساں کرنے کا اختیار دے رکھا ہے۔