فیصل آباد میں نسیم وکی اور آغا ماجد کی کار پر فائرنگ

پنجاب کے شہر فیصل آباد میں اسٹیج اداکار نسیم وکی اور آغا ماجد کی کار پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس میں دونوں اداکار محفوظ رہے۔

اسٹیج اداکاروں کی گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ 2 روز قبل پیش آیا، جس کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گيا ہے۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لےکر آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

پولیس کے مطابق 20 جنوری کی رات مقامی تھیٹر کے ٹھیکیدار، فنکاروں نسیم وکی اور آغا ماجد کو لاہور چھوڑنے جارہے تھے کہ راجباہ روڈ پر موٹرسائیکل سوار ملزمان نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی۔

ملزمان کی جانب سے فائر کی گئی گولیوں میں سے ایک فائر گاڑی کی ڈگی پر اور دوسرا ٹائر میں لگا۔ ملزمان کے خلاف تھانہ ریل بازار میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

سی پی او غلام مبشر میکن کے ساتھ فنکار نسیم وکی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وہ فائرنگ کرنے والے ملزمان کو نہیں جانتے شاید کچھ لوگ فیصل آباد میں تھیٹر کی ترقی نہیں چاہتے۔

سی پی او نے کہا کہ نسیم وکی سمیت تمام فنکاروں کو مکمل تحفظ دیا جائے گا، جبکہ فائرنگ کرنے والے ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے تلاش کی جارہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں