کراچی سے لاہور کی پرواز،سامان سے 19 لاکھ کا سونا چوری

کراچی سے لاہور کی نجی ایئر لائن کی پرواز میں سامان سے 19 لاکھ روپے مالیت کا سونا چوری کرنے والے 3 ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر شبینہ ناز 12 فروری کو کراچی سے سیال ایئر کی پرواز پی ایف 145 سے لاہور گئی تھیں۔

ایس ایس پی ملیر کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر بک کرایا گیا سامان فیملی لاہور ایئرپورٹ پر وصول کر کے ہوٹل پہنچی، خاتون نے ہوٹل میں سامان چیک کیا تو ڈائمنڈ سیٹ سمیت 19 لاکھ مالیت کے زیورات بیگ سے غائب تھے۔ خاتون نے کراچی پہنچ کر ایئرپورٹ پولیس کو واقعہ کی اطلاع دی۔

ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے مطابق ایس ایچ او ایئرپورٹ کلیم موسیٰ کی نگرانی میں پولیس پارٹی نے واردات کرنے والوں کا سراغ لگایا۔ پولیس تفتیش کے دوران رائل ایئرپورٹ سروس کے 3 ملازم آفتاب احمد، وقار حیدر اور سید ساجد حیدر واردات میں ملوث نکلے۔

عرفان بہادر کے مطابق تفتیش کے دوران ملزمان کے قبضے سے 19 لاکھ روپے مالیت کے زیورات برآمد کرلیے گئے۔ گرفتار تینوں ملزمان کے خلاف ایئرپورٹ تھانے میں ایف آئی آر نمبر 22/22 درج کرلی گئی ہے۔

ایس ایچ او کلیم موسیٰ کے مطابق ملزمان نے یہ زیورات جہاز میں لوڈ کرنے کے بعد سامان سے چوری کئے۔ پولیس تفتیش کے دوران ملزمان نے انکشاف کیا کہ واردات کا تعین جہاز میں اس لیے کیا کہ سی سی ٹی وی کیمروں سے بچ سکیں، ملزمان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں