صوبائی وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے ضلع کورنگی شاہ فیصل زون میں (فرنٹ اینڈ کلیکشن) گھرسے کچرا اٹھانے اور صفائی ستھرائی آپریشن کا افتتاح کردیا

صوبائی وزیربلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ زبیر احمد چنہ کے ہمراہ ضلع کورنگی کے شاہ فیصل زون میں (فرنٹ اینڈ کلیکشن) گھر گھر سے کچرا اٹھانے اور صفائی ستھرائی کے کام اور گاڑیوں کا افتتاح کر دیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کورنگی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر آپریشن سالڈ ویسٹ،ایڈمنسٹریٹر کورنگی، ڈپٹی ڈائریکٹر کورنگی، نجی کمپنی گینزوکے سی ای او مسٹر لیوٹاؤ کے علاوہ سوشل موبیلائزر کے نمائندے، علاقے کے معززین و میڈیا کی بڑی تعداد موجود تھی۔

وزیربلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق “اب ہوگا صاف کراچی” کے سفر پر گامزن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے ضلع کورنگی کے شاہ فیصل زون میں بھی صفائی کے کام کا آغاز کردیا ہے۔ بالترتیب دیگر دو زون میں بھی آپریشن کا جلد آغاز کردیا جائے گا۔

انہوں نے ایم ڈی زبیر چنہ اور انکی پوری ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا پاکستان میں پہلی بار پی سی ٹی ایس ٹیکنالوجی سے مزین کمپیکٹر لائے گئے ہیں جو کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی کاوشوں سے ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکے کراچی کو صاف ستھرا اور گرین بنانے کے لئے ہر سطح پر کام کررہے ہیں شہریوں کو سہولیات پہنچانا ہماری پہلے ترجیح ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے سینیٹری ورکز جب علاقے میں کام کرنے جاتے ہیں تو انہیں کام نہیں کرنے دیا جاتا اور کچھ شرپسند عناصر ان پر تشدد کرتے ہیں لہذا جہاں سینیٹری ورکرزکو سپورٹ نہیں ملے گی وہاں کے ایس ایچ او کو معطل کردیا جائے گا۔


اس موقع پر ایم ڈی زبیراحمد چنہ نے کورنگی زون اور شاہ فیصل زون میں صفائی ستھرائی آپریشن سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پی سی ٹی ایس ایک پورٹ ایبل کمپیکٹرٹرانسفراسٹیشن ہے جو کہ کچرے کو اندر ہی کمپریس کرے گا اس طرح کچرا رکھنے کی گنجائش ان کمپیکٹر میں کئی گنا زیادہ ہوگی۔ دیگر تفصیلات میں ٹوٹل گاڑیاں 212 ہیں جس میں گھر گھر سے کچرا اٹھانے کے لئے 128 منی ٹیپر شامل ہیں دیگر مشینری میں لوڈر، ڈمپر، کمپیکٹر، مکینکل سوئپرشامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگلے ایک سے ڈیڑھ ماہ میں دیگر دو زونز میں بھی آپریشن کا آغاز کردیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ شہریوں کو آگاہی فراہم کرنے کے لئے سوشل موبیلائزرکی ٹیمیں گھر گھر جاکر شہریوں کو آگاہی فراہم کر رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں