سندھ بلوچستان بارڈر پر پولیس کی کارروائی، صحافی اطہر متین قتل کیس میں ملوث ملزم اشرف گرفتار

سندھ بلوچستان بارڈر پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے صحافی اطہر متین قتل کیس میں ملوث اہم ملزم اشرف گرفتار کر لیا۔

سندھ کے وزیراطلاعات سعید غنی نے بھی ملزم اشرف کی گرفتاری سے متعلق ٹوئٹ کیا، کہا کہ اطہر متین کے قتل میں ملوث ایک شخص اشرف کو سندھ پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ یہ بھی کہا کہ انشا اللہ قاتل کو قانون کے مطابق سزا بھی دلوائی جائیگی۔

سعید غنی نے کہا کہ اس پورے کیس میں جس طرح پولیس نے جانفشانی سے کام کیا وہ لائق تحسین ہیں۔ اسی طرح سندھ پولیس پر عوام کے اعتماد میں آضافہ ہو گا۔

نائنٹی ٹو نیوز نے ملزم اشرف کا کرمنل ریکارڈ بھی حاصل کر لیا۔ ملزم اشرف کراچی میں پہلے بھی گرفتار ہوا تھا۔ ملزم کے خلاف موٹر سائیکل چوری کرنے اور چھیننے کے چار مقدمات مختلف تھانوں میں درج ہیں۔ سرجانی ٹاون بریگیڈ، نیوٹاؤن اور بہادر آباد پولیس پہلے اشرف کو گرفتار کر چکی ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان کا گروہ شہر سے موٹرسائیکلیں چوری اور چھینے کے بعد بلوچستان لیجا کر فروخت کرتا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں