پی ایس ایل7 فائنل: ملتان سلطانز کو شکست، لاہور قلندرز پہلی بار چیمپئن بن گئے

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 میں ایونٹ کی فیورٹ اور دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز کو شکست دے کر لاہور قلندرز پہلی بار چیمپئن بن گئے۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے فائنل میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 42 رنز سے شکست دے کر پہلی بات پی ایس ایل کے چیمپئن تاج اپنے سر پر سجالیا۔

پی ایس ایل میں ہر بار دل جیتنے والی لاہور قلندرز نے اس بار شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں ٹرافی بھی جیت لی۔

لاہور قلندرز کے 181 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پی ایس ایل میں 11 میں 10 میچز جیتنے والی ملتان سلطانز 138 رنز ہی بناسکی۔

لاہور قلندرز کی طرف سے 69 رنز کی ذمے دارانہ باری کھیلنے والے محمد حفیظ نے عمدہ بولنگ کروائی اور محمد رضوان اور امیر عظمت کی وکٹ لے کر میچ پر قلندرز کی گرفت مضبوط کردی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے ایونٹ کے فائنل میچ کے آغاز سے ہی لاہور قلندرز دباؤ کا شکار نظر آئی، تاہم محمد حفیظ کی نصف سنچری، ہیری بروک اور ڈیوڈ ویسا کی برق رفتار اننگز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ پر 180 رنز بنالیے۔

پی ایس ایل 7 کے 13 میچز کے دوران 588 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکور فخرزمان 12 کے مجموعے پر صرف 3 رنز بناکر آصف آفریدی کا شکار بن گئے۔

لاہور قلندرز کی دوسری وکٹ23 کے اسکور پر گرگئی، ذیشان اشرف کو 7 کے انفرادی اسکور پر ڈیوڈ ویلی نے محمد رضوان کی مدد سے قابو کرلیا۔

ملتان سلطانز کو آصف آفریدی نے تیسری کامیابی عبداللہ شفیق کی صورت میں دلوادی ، جو 14رنز بناکر اسٹمپ آؤٹ ہوگئے۔

چوتھی وکٹ پر کامران غلام اور محمد حفیظ نے 54 رنز کی شراکت بنائی، 15 کے انفرادی اسکور پر کامران غلام لمبی شارٹ کھیلنے کے چکر میں بانڈری لائن پر کیچ ہوگئے۔

اُن کی وکٹ آصف آفریدی کے حصے میں آئے ، یوں ملتان سلطانز کے اسپنر نے 4 اوورز میں 19 رنز کے عوض 3 وکٹیں اپنے نام کرلیں۔

پانچویں وکٹ پر محمد حفیظ نے ہیری بروک کے ساتھ 58 رنز کی شراکت قائم کی اور اس دوران اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی،وہ 69 رنز کی باری کھیل کر شاہنواز ڈہانی کا شکار بن گئے۔

لاہور کے لیے مشکل وقت محمد حفیظ نے شاندار بیٹنگ کی اور اس دوران 46گیندوں کا سامنا کیا ،9 چوکے اور 1 چھکا بھی لگایا، یہ اُن کی پی ایس ایل سیزن میں پہلی نصف سنچری تھی۔

چھٹی وکٹ پر ہیری بروک اور ڈیوڈ ویسا نے آخری 16 گیندوں پر برق 43 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی، بروک 22 گیندوں پر 41 اور ویسا نے 8 گیندوں پر 28 رنز بنائے

اپنا تبصرہ بھیجیں