پنجاب کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش

پنجاب کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ سرگودھا ،قصور ،اوکاڑہ اور مرید کے میں رم جھم سے سردی کی شدت بڑھ گئی۔

رائیونڈ روڈ، ڈیفنس روڈ، جوہر ٹاؤن، وحدت روڈ اورمختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔ کینال روڈ، ملتان روڈ، انار کلی ، مال روڈ اور جیل روڈ کے علاقوں میں بھی بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہوریوں کا کہنا تھا کہ ہم بارش کو انجوائے کر رہے ہیں۔

اوکاڑہ ،حجرہ شاہ مقیم، رینالہ خورد اور ملحقہ مضافات میں بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ قصور ،چونیاں اور گردونواح میں موسلادھار بارش اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم شدید سرد ہو گیا۔

ایم ڈی واسا محمد تنویر نے کہا کہ عملہ اور مشینری فیلڈ میں متحرک ہے۔ تمام انڈر پاسز کلیئر ہیں اور ٹریفک کی روانی برقرار ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق حالیہ بارش کا سسٹم آئندہ 24 گھنٹوں تک رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں