جو دوست ناراض ہیں ان کے تحفظات دور ہونے چاہئیں، وزیر اعظم عمران خان

وزیر اعظم عمران خان کا کور کمیٹی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جو دوست ناراض ہیں ان کے تحفظات دور ہونے چاہئیں۔

اُنہوں نے کہا کہ عدم اعتماد والے شوق پورا کرلیں، ہماری تیاری مکمل ہے، چوروں کا ایجنڈا ناکام بنا دیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے گورنر سندھ اور وزیردفاع پرویزخٹک کو ناراض اراکین سے رابطوں کی ہدایت کردی، کہتے ہیں تین ہفتوں میں سب سامنے آجائے گا، ٹھیک بھی ہوجائے گا۔

اُنہوں نے کہا کہ جمہوری حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، تین ہفتوں میں سب سامنے آجائے گا، ٹھیک بھی ہوجائے گا، جن کو کیسز کا خطرہ ہے وہ لوٹی ہوئی دولت کے ذریعے انقلاب نہیں لاسکتے۔

اجلاس میں سیاسی صورتحال پر کھل کر گفتگو کی، جہانگیر ترین اور علیم خان کے مجوزہ اتحاد پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بتایا کہ وہ علیم خان سے رابطے میں ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں