عمران خان کے ساتھ جو ہورہا ہے، وہ مکافات عمل کے سوا کچھ نہیں، مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کا کہنا ہے کہ کل کیا ہوگا یہ تو صرف اللّٰہ تعالیٰ کی ذات جانتی ہے، مگرعمران خان کے ساتھ جو ہورہا ہے، وہ مکافات عمل کے سوا کچھ نہیں ہے۔

اپنے بیان میں مریم نواز نے کہا کہ کرسی اور طاقت کا غلط استعمال اور اسے دائمی سمجھ لینے والے کا انجام ایسا ہی ہوتا ہے، مجھ سمیت سیاست اور زندگی کے طالب علم ضرور غور کریں۔

سوشل میڈیا پر اپنے طویل بیان میں مریم نواز نے کہا کہ سیاست میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں، حکومت بھی آنی جانی شے ہے، مگر تکبر اور ظلم انسان کے آگے آتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ نواز شریف کی ذاتی اور سیاسی زندگی کا شاید مشکل ترین وقت تھا، مگر بدترین حالات کے باوجود ان کا کوئی ساتھی چھوڑ کر نہیں گیا، کیونکہ انہوں نے ہر کسی کو عزت دی،صبر اور تہذیب کا دامن نہیں چھوڑا، طاقت کا رعب نہیں جمایا، دھمکیاں نہیں دیں، تمسخر نہیں اڑایا۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ نواز شریف نے اپنی کرسی جاتی دیکھ کر میں چھوڑوں گا نہیں جیسی بازاری زبان استعمال نہیں کی۔

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کو دیکھ کر عبرت ہوتی ہے، تکبر اور گھمنڈ کا پہاڑ اُن لوگوں کے در پر حاضری دے رہا ہے جن سے ہاتھ ملانے کو وہ اپنی توہین سمجھتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ یہ سب مکافاتِ عمل نہیں تو اور کیا ہے؟ انسان کو انسان نا سمجھنے والے کا یہی انجام ہوتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں