پاکستان، آسٹریلیا کی ٹیمیں دوسرے ٹیسٹ کیلئے کراچی پہنچ گئیں

پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں دوسرا ٹیسٹ کھیلنے کے لیے کراچی پہنچ گئیں۔

دو گھنٹے بعد دونوں ٹیمیں ائیر پورٹ سے ہوٹل روانہ ہوئیں، دوسرا ٹیسٹ 12مارچ سے شروع ہوگا۔

پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں خصوصی پرواز سے سہ پہر سوا 3 بجے اسلام آباد سے کراچی پہنچیں لیکن شہر میں وزیراعظم عمران خان کی موجودگی، وی آئی پی موومنٹ اور سیکیورٹی کلیئرنس نہ ملنے کی وجہ سے اولڈ ٹرمینل پر 2 گھنٹے انتظار کرنا پڑا۔

جس کی وجہ سے پاکستان ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف کی پریس کانفرنس بھی ملتوی کرنا پڑی۔

طویل انتظار کے بعد تقریباً شام ساڑے 5 بجے دونوں ٹیمیں سخت سیکیورٹی حصار میں ایئرپورٹ سے ہوٹل پہنچیں۔

ہوٹل پہنچنے پر کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ لیے گئے، جس کی رپورٹ کے بعد دونوں ٹیمیں پریکٹس شیڈول مرتب کریں گی۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ ہفتے سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا، سیریز کا پہلا ٹیسٹ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں