منی لانڈرنگ کیس، شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر 25 مارچ کو فرد جرم عائد ہو گی

منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر 25 مارچ کو فردجرم عائد کی جائے گی۔

اسپیشل سینٹرل کورٹ کے جج اعجاز حسن اعوان نے شہباز شریف ، حمزہ شہباز سمیت دیگر ملزمان کیخلاف ایف آئی اے منی لانڈرنگ کے مقدمے کا تحریری حکم جاری کر دیا۔ تحریری حکم کے مطابق شہباز شریف ودیگر ملزمان پر 25 مارچ کو فرد جرم عائد کی جائیگی۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر ایف آئی اے کی شہباز شریف کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر وکلاء کو دلائل کیلئے طلب کر لیا۔

تحریری حکم نامہ کے مطابق عدالت نے شریک ملزم عثمان احمد کی درخواست پر وکلاء کو آئندہ سماعت پر دلائل دینے کی ہدایت کی ہے اور ملزم عثمان کو اپنے وکیل کی حاضری یقینی بنائے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے ہدایت کی کہ ایف آئی اے تین دنوں میں بینک ملازمین کے بیانات کی نقول عدالت میں داخل کرائے۔

ادھر انسداد منشیات عدالت میں رانا ثناء کیخلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے رانا ثناء کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 2 اپریل تک ملتوی کر دی ۔ آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد کیے جانے کے حوالے سے تاریخ کا فیصلہ کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں