کیا اتحادیوں کی اپوزیشن سے ملاقاتیں ڈبل گیم ہیں ؟ پرویزخٹک نے نئی بحث چھیڑ دی

کیا اتحادیوں کی اپوزیشن سے ملاقاتیں ڈبل گیم ہیں ؟ وزیردفاع پرویزخٹک نے نئی بحث چھیڑ دی۔

سوموار کو میڈیا سے گفتگو میں اُنہوں نے کہا کہ کیا پتہ اتحادی اور ہم ایک پیج پر ہوں، صلاح مشورہ بھی ایک ہو۔ یقین دلاتا ہوں کہ اتحادی ہمارے ساتھ ہیں اور رہیں گے۔ تحریک عدم اعتماد کے معاملے میں کسی کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہوگی۔

پرویز خٹک نے کہا کہ وزیراعظم نے تمام کارڈ اپنے پاس رکھے ہیں، وقت پر سامنے آئیں گے، جو ماحول بنا ہے اس کا جلد ڈراپ سین ہونے والا ہے، اپوزیشن کو شرمندگی ہوگی۔

اُن کا کہنا تھا کہ یہ کیسے ہوسکتا ہے جو ہمارے ٹکٹ پر لڑے وہ ہمارے خلاف ہوجائے۔ اس ماحول کا جلد ڈراپ سین ہونے والا ہے، اپوزیشن نے جو ماحول بنایا ہے اس سے جلد ہوا نکل جائے گی۔

وزیردفاع نے کہا اتحادی بھی سیاسی جماعتیں ہیں، وہ لوگوں سے ملتے رہتے ہیں، گارنٹی سے کہتا ہوں جو شور مچا ہے اس کا نتیجہ حق میں نہیں جائے گا۔ پی ٹی آئی کے تمام دھڑے متحد ہو جائیں گے۔

اُنہوں نے کہا قومی اسمبلی اجلاس سے متعلق اسپیکر ایک دو دن میں طے کرینگے، جلسے کا مقصد ہے کہ لوگ آئیں، ان تین چوہوں کو دیکھیں جو ان کو ہٹانا چاہتے ہیں۔ پی ٹی آئی کے جلسوں میں 2018 سے زیادہ کا جذبہ دیکھ رہا ہوں، عمران خان واحد شخصیات ہے جو بین الاقوامی سطح پر جواب دے سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں