وہ دن دور نہیں جب پاکستان معاشی طور پر مضبوط، خوشحال ملک بن جائیگا، صدر، وزیراعظم

82 ویں یومِ پاکستان پر صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا وہ دن دور نہیں جب پاکستان معاشی طور پر مضبوط اور خوشحال ملک بن جائے گا۔

اپنے پیغام میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ برصغیر کے مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن کا مطالبہ وقت کے ساتھ سیاسی طور پر درست ثابت ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور بھارت میں اقلیتوں پر ظلم و ستم یہ یقین کرنے کے لیے کافی ہیں کہ اس وقت کی مسلم قیادت نے واضح طور پر تصور کیا تھا کہ اگر مسلمان ہندو اکثریت کے رحم و کرم پر رہیں تو ان کے لیے کیا ہوگا۔

اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کے دیئے گئے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے اور پاکستان کو حقیقی معنوں میں جمہوری فلاحی ریاست (ریاست مدینہ) کے ماڈل کے طور پر ترقی کے لیے وقف کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان طویل جمہوری جدوجہد سے معرض وجود میں آیا، موجودہ حکومت نے غربت کے خاتمے اور انصاف کے فروغ کے لیے طویل المدتی اصلاحات اور اقدامات کیے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی توجہ معاشرے کے پسماندہ طبقات پر مرکوز ہے تاکہ انہیں مساوی مواقع فراہم کیے جاسکیں۔

سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان نے بھی مبارکباد کا پیغام بھجوایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں