ترین گروپ نے اسلام آباد جلسے میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا

27 مارچ کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اسلام آباد میں ہونے والے جلسے میں ترین گروپ نے شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں ترین گروپ کی مشاورتی بیٹھک ہوئی، صوبائی وزیر مراد راس سے ملاقاتوں اور حکومتی شخصیات کے رابطوں پر مشاورت کی گئی،

اجلاس کے دوران ارکان نے جہانگیر ترین کو رائے دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے معاملات کو حل کرنا صوبائی وزراء کے بس میں نہیں۔ ہمیں مذاکرات وفاقی ٹیم یا وزیر اعظم سے ہی کرنے چاہئیں۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد میں ہونے والے پی ٹی آئی کے جلسے میں شرکت نہیں کی جائے گی۔

ترین گروپ کے رکن فیصل حیات جبوانہ نے کہا کہ جب تک ہمارے معاملات کو حل نہیں کیا جاتا تو حکومت کی کسی ایکٹویٹی میں شامل نہیں ہو نگے۔ ترین گروپ کے تمام اراکین متحد ہیں اور یہ سب کا مشترکہ فیصلہ ہے، وفاق کی سطح پر معاملات کے حل کےلئے مذاکرات کرینگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں