عمران خان دھمکیوں کے ذریعے اقتدار کا ایک ایک دن بچا رہا ہے، مریم نواز

مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کہتی ہیں عمران خان دھمکیوں کے ذریعے اقتدار کا ایک ایک دن بچا رہا ہے۔

جمعہ کے روز ماڈل ٹاؤن میں پارٹی سیکریٹریٹ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران نیازی سن لو! اب تمہیں بچانے کوئی نہیں آئے گا، جو کہتا تھا این آر او نہیں دوں گا وہ ایڑھیاں رگڑ رگڑ کر این آر او مانگ رہا ہے۔ عمران خان آج اتحادیوں کے گھروں پر ناک رگڑ رہا ہے۔

مریم نواز بولیں کہ کہتا ہے میرے پاس بہت پتے ہیں، اس کے سب پتے گر جائیں گے، اس کا ٹرمپ کارڈ یہ ہے کہ سیاست سے دستبردار ہوجائے۔ نوازشریف کو اقتدار سے نکال دیا گیا لیکن اس کا کوئی کارکن چھوڑ کر نہیں گیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے بڑی بڑی تحریکوں کا مقابلہ کیا، کارکنوں نے نوازشریف کا ساتھ دینے کا ریکارڈ قائم کردیا، کارکنوں سیٹ بیلٹ باندھ لو، جہاز کسی بھی وقت پر پاکستان میں لینڈ کرسکتا ہے۔

نائب صدر نون لیگ نے کہا حکومت میں ہونے کے باوجود ایک ایک کرکے عمران نیازی کے سب بندے چھوڑ گئے۔ لوگ ہمیں کہتے ہیں خدا کے واسطے عمران خان سے جان چھڑاؤ۔ ان کا اقتدار کسی سازش نے نہیں عوام کی بد دعاؤں نے ختم کیا۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ نوازشریف نے عدلیہ کی تحریک میں اہم کردار کیا، عمران خان سرکاری وسائل سے جلسے کر رہے ہیں، فرح نامی خاتون کے تانے بانے بنی گالہ سے ملتے ہیں۔ آنے والے دنوں میں کرپشن کے ثبوتوں کی بھرمار آئے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں