پنجاب اسمبلی کی فوٹیج نکال لی، جو ملوث ہوگا کارروائی کرینگے، رانا مشہود

مسلم لیگ (ن) کے رہنماء رانا مشہود نے کہا پنجاب اسمبلی کی فوٹیج نکال لی ہے جو ملوث ہوگا اس کیخلاف کارروائی ہوگی۔

اتوار کے روز عطا تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ پرویزالہٰی اپنے ذاتی غنڈے لے کر آئے ہوئے تھے، کمیٹی بن چکی ہے، ان سب کا احتساب ہوگا۔

رانا مشہود نے کہا کہ اقتدار سے چمٹے رہنے کیلئے ڈرامہ رچایا گیا، فیصلے آئین کے آرٹیکل 63 اے کے تحت ہی ہوں گے۔ اسمبلی کو خاردار تاریں لگا کر اسے نوگو ایریا بنا دیا گیا۔ ان کو پاکستان کی پرواہ نہیں ان کو تو ہر حال میں اقتدار چاہیے۔ ہم اداروں کو مضبوط سے مضبوط تر دیکھنا چاہتے ہیں۔

ادھر لیگی رہنماء عطا تارڑ بولے پرویز الہٰی سے درخواست کرتا ہوں کہ اب بس کردیں، چودھری صاحب کیا آپ کے پاس کوئی فوٹیج ہے؟ جس میں آپ پر حملہ کیا گیا ہو، مجھے افسوس ہے اس عمر میں بھی غلط بیانی کی گئی۔

اُنہوں نے کہا کہ گجرات سے ذاتی گارڈزبلائے گئے تھے، کل جمہوریت کے لئے سیاہ ترین دن تھا، باہر بیٹھے لوگ ہمارے بارے میں کیا رائے قائم کریں گے۔ ہم صبح سے پرامن تھے، ہم کسی جھگڑے کا حصہ نہیں بنے، ڈپٹی اسپیکر کو جان سے مارنے کی کوشش کی گئی۔

عطا تارڑ نے مزید کہا کہ اطلاعات ہیں کہ گورنر صاحب بھی حمزہ شہباز سے حلف نہیں لینا چاہتے۔ 15 دن سے صوبہ بغیروزیراعلیٰ کے ہے جو آئین کے خلاف ہے، ہم تو وزارت اعلیٰ کی پیش کش لے کرآپ کے گھر آئے تھے آپ نے کیا کیا؟ مونس الہٰی نے آپ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں