فضل الرحمٰن کے بعد خواجہ آصف کا بھی جلد ازجلد الیکشن کا مطالبہ

سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمٰن کے بعد مسلم لیگ (ن) کے رہنماء خواجہ آصف نے بھی جلد ازجلد الیکشن کا مطالبہ کردیا۔

سوموار کو قومی اسمبلی سے خطاب میں اُنہوں نے کہا کہ ہمیں جتنا جلدی ہو عوام میں جانا چاہئے، الیکشن لازمی ہونے چاہیئں، عوامی مینڈیٹ ہی اس صورت حال کا حل ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ذہنی مریض عمران خان آؤٹ ہوکر پچ پر لیٹ گیا ہے، ایوانوں کو مذاق بنا دیا گیا ہے، یہ سلسلہ ملک کو تباہی کی طرف لے جا رہا ہے۔ ہمیں باہر سے کوئی خطرہ نہیں ہے، اندر سے خطرہ ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ آپ کہتے ہیں عدالتیں کیوں رات کو کھلتی ہیں؟ گزشتہ تین، چار سال میں رات کو عدالتیں لگا کر لوگوں کو سزائیں آپ سنا رہے تھے۔ مزید بولے عمران خان نے خود اربوں روپے بنائے، عوام روٹی کو ترس رہے ہیں

لیگی رہنماء نے کہا کہ بلوچستان میں 23 سالوں سے عوام کی صحیح معنوں میں نمائندگی نہیں ہورہی، بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے صوبائی اسمبلی کے ساتھ قومی اسمبلی اور سینٹ کو کردار ادا کرنا چاہیئے۔ لگتا ہے اس ایوان میں اپوزیشن نہیں بیٹھی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں